
وزیراعظم عمران خان تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو خطوط لکھیں ، خط میں معاملے کی حساسیت اور مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے کی بات کی گئی
آزادی اظہار رائے کے نام پر نبی کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،عمران خان،12سے19ربیع الاول تک ہفتہ عشق رسول منانے کا فیصلہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے حضور اکرم کی شان اقدس میں گستاخی اور خاکوں کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھ کر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کامعاملہ عالمی سطح پر اٹھا دیا، عمران خان نے خاکوں کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھا ، جس میں اس معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کی وجہ سے آج ہماری امہ میں تشویش پائی جاتی ہے، مغربی دنیا بالخصوص یورپ میں نبی کی شان میں گستاخی کی گئی۔خط میں کہا گیا یورپ میں مساجد بند کرائی جارہی ہیں، مسلمان خواتین کو پسند کے لباس کے حق سے محروم کیاجارہاہے ، دوسری طرف پادری راھبہ اپنے مذہبی لباس کھلے عام پہنتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ ان ممالک کی قیادت ہماری نبی سے محبت سمجھنے سے قاصر ہیں، یہی وجہ ہے کہ خطرناک عمل اور ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نبی کی شان میں گستاخی مسلمانوں کے ردعمل کو جنم دیتاہے، وقت آگیا ہے مسلم لیڈران نفرت، انتہاپسندی کا ماحول ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں، مسلم امہ متحد ہو کر دنیا کو واضح پیغام دے۔خط میں کہا گیا کہ مسلم لیڈران مغربی ممالک کے لیڈرز کومعاملے کی نوعیت سمجھانے کیلئے کرداراداکریں ، دنیا مزید نفرت اور انتہا پسندی کی متحمل نہیں ہوسکتی، ہمارا مذہب امن ،برداشت سکھاتا ہے جس کا عملی مظاہرہ ریاست مدینہ تھا۔ عمران خان نے زور دیا کہا اسلام اور ہمارے نبی کی ناموس پر حملے بند ہونے چاہئیں، مسلمانوں نے بوسنیا، عراق ، افغانستان،مقبوضہ کشمیر میں قتل دیکھا لیکن بات جب ایمان اور نبی کی حرمت پر آتی ہے تو وہ زیادہ تکلیف پہنچاتی ہے۔ ادھر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت مذہبی امور نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسول منانے کی تجویز دی تھی، وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کی تجویز کے مطابق حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت دے دی،ہفتہ عشق رسول جمعہ12سے19ربیع الاول تک منایاجائے گا


































