
لاہور: شیعہ علماء کونسل نے کہا ہے کہ مقدمات، گرفتاریاں اور دباؤ عزاداری کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے، اگر عزاداری کیخلاف رکاوٹیں بند نہ کی گئیں اور علامہ مظہر کاظمی کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو عاشورہ کے جلوسوں کو روک کر احتجاجی دھرنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا، شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور پریس کلب میں دیگر علماکے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شیعیان حیدر کرار عزاداری پر مرمٹنے کیلئے تیار ہیں، کسی ماتمی جلوس کے روٹ سے ایک انچ پیچھے ہٹنے، مجلس یا جلوس کے وقت میں ایک سیکنڈ کم کرنے کو تیار نہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عزاداری کیخلاف درج تمام جھوٹی ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے، نئی مساجد اور امام بارگاہوں کی تعمیر میں رکاوٹیں بند کی جائیں، انہوں نے کہا کہ عزاداری کسی کیلئے تکلیف کا باعث نہیں، عزاداری حکومت کے بھی خلاف نہیں، یہ یزیدی سوچ کیخلاف ہے، علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے عزاداری میں مسلسل رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، روایتی، لائسنسی اور پرانی مجالس اور ماتمی جلوسوں میں پولیس کی اسپیشل برانچ بددیانتی کرکے ریکارڈ میں ردو بدل کرتی ہے، کسی مجلس کا وقت کم یا کسی روٹ کو مختصر لکھ دیا جاتا ہے، رپورٹ پر بانی مجلس و جلوس کے دستخط بھی لئے جائیں۔


































