
تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے تمام شہروں میں احتیاطی تدابیر کے تحت یوم القدس کی ریلیاں منعقد کی گئیں، جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش تا تبت سینٹر نکالی گئی، جس میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، صدر شیعہ علماء کونسل سندھ علامہ ناظر عباس تقوی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے پاکستان علامہ عقیل انجم سمیت دیگر سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں نے شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او عارف حسین نے بیت المقدس پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہا کر دی۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا، اسی فرمان پر عمل کرتے ہوئے ملت پاکستان اعلان کرتی ہے کہ فلسطین کی آزادی تک جدوجہد و مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی، کیونکہ یوم القدس فلسطینیوں اور بالعموم تمام مظلومین کی حمایت کا دن ہے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ فلسطین و قبلہ اؤل کی آزادی کے لیے مسلم ممالک کو مسلح جدوجہد کا آغاز کرنا چاہیے کیونکہ مسلح جدوجہد کے بغیر بیت المقدس کی آزادی ناگزیر ہے، لیکن افسوس ناک صورتحال تو یہ ہے کہ اسلامی ریاستوں نے غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کرکے اور اس سے سفارتی و معاشی تعلقات قائم کرکے صہیونیت سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔


































