
شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کے ایک آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن شہید فہیم عباس کی نماز جنازہ علامہ حمید حسین امامی کی اقتداء میں ان کے آبائی علاقہ رئیسان ضلع ہنگو میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران و اہلکاروں، علمائے کرام، ایف سی حکام، علاقہ عوام اور شہید کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ شہید فہیم عباس کو مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک کیا گیا۔ شرکائے نماز جنازہ نے شہید کے لواحقین کو تعزیت پیش کی۔ نماز جنازہ کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ادا کی گئی۔
کیپٹن فہیم عباس کا تعلق خیبرپختونخوا کےضلع ہنگو سے تھا، پانچ ماہ قبل ہی وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، زمانہ طالب علمی میں وہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے وابستہ رہے اور امامیہ اسکاؤٹس میں ذمہ داریاں انجام دیں، بعد ازاں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور کیپٹن کے عہدے پر فائض ہوئے ۔
کیپٹن فہیم عباس انتہائی ملنسار ، جفا کش اور بہادر انسان تھے، نوجوانی سے ہی مادر وطن کے لئے کچھ کرگزرنےکا جذبہ رکھتے تھے ، جنوبی وزیرستان کے محاذ پر انہوں نے ملک دشمنوں سے مقابلہ کرتے ہوئے مردانہ وار اپنی جان پاک سرزمین کے دفاع کی راہ میں قربان کردی ۔


































