
لاہور : مجلس وحدت مسلمین پاکستان یکم اگست کو شہید قائد عارف حسین الحسینی رح کی 33 ویں برسی کا شایان شان طریقے سے انعقاد کرے گی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما اور کانفرنس کوآرڈینیٹر نثار فیضی کی زیر صدارت اجلاس ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، شہید قائد وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی قوم کی بہترین فکری رہنمائی کی۔ انہوں نے وحدت و اخوت کا جس موثر انداز سے پرچار کیا اس کی مثال نہیں ملتی، مجلس وحدت مسلمین اپنے اس عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سال وفاقی دارالحکومت میں عالیشان تقریب کا انعقاد کرتی ہے۔گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی ایک بھرپور تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک کے تمام صوبوں سے مختلف مکاتب فکر کے علماء ،کارکنان اور معروف مذہبی، سیاسی ، سماجی اور صحافتی شخصیات شریک ہوں گی۔


































