
غزہ: صیہونی فوج کے غزہ پر فضائی حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 178 فلسطینی شہید اور 293 زخمی ہوگئے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ رک نہیں سکا۔ رفح۔ جبالیہ اور البریج پناہ گزین کیمپوں پر بم برسائے۔ بموں کی برسات سے البریج کیمپ میں آگ بھڑک اٹھی۔ بچی کھچی عمارتیں اور مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ 107 روز سے جاری جارحیت میں شہدا کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جبکہ باسٹھ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر خان یونس میں صیہونی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور اسے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک اور اہلکار کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔


































