
صنعا : یمن میں امدادی فنڈ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 85 افراد ہلاک اور تین سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ یمن کے دارالحکومت صنعاء میں تاجروں نے ایک اسکول میں غریبوں میں امداد تقسیم کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر لوگوں کی بہت بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی تو گولیاں بجلی کے تاروں پر لگنے سے افراتفری مچ گئی۔ بھگدڑ میں لوگ ایک دوسرے کے پیروں تلے کچلے گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 13 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق فنڈ بانٹنے والے 2 تاجروں کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔


































