
لندن : عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں ادویات اور طبی سامان کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو چکے ہیں اور صحت کا نظام شدید بحران کا شکار ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں ادویات کے ذخائر انتہائی کم سطح تک گرنے اور طبی امداد کی رسائی میں رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی جانے والی امداد پر ناروا پابندیوں کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر حنان بلخی کے مطابق غزہ میں صحت کا نظام انتہائی نازک حالت میں ہے اور ضروری ادویات، ٹراما ٹریٹمنٹ کے سامان اور جراحی میں استعمال ہونے والی اشیا کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پٹیوں اور سوئیوں جیسے بنیادی طبی سامان کے ذخائر بھی ختم ہو چکے ہیں جبکہ ایندھن کی کمی کے باعث اسپتالوں کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ حنان بلخی نے خبردار کیا کہ اگر انسانی امداد کی مسلسل رسائی ممکن نہ بنائی گئی، طبی سامان کی محفوظ ترسیل اور مریضوں کے طبی انخلا کا عمل بحال نہ کیا گیا تو مریضوں کو علاج میں جان لیوا تاخیر کا سامنا رہے گا۔


































