
کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ، کراچی ڈویژن کے تحت سردار شہید سید حسن نصر اللہ کے چہلم کا مرکزی اجتماع نشتر پارک، سولجر بازار میں منعقد ہوا۔
عظیم الشان شہداء کانفرنس میں غزہ جنگ کے دوران حماس اور حزب اللّٰہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نشتر پارک کراچی میں ہونے والی شہداء کانفرنس میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ امریکا ظلم کا مرکز ہے، جب تک ظلم ہے ہم میدان میں ہیں، بائیڈن کے جانے اور ٹرمپ کے آنے پر کچھ لوگ خوشیاں منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اسرائیل کو سرزمین فلسطین میں نہیں رہنے دیں گے۔ امام خمینیؒ نے ظالموں سے ٹیبل ٹاک نہیں جہاد کا درس دیا، ملکی حکمران یحییٰ سنوار کی زندگی سے سبق حاصل کریں، یحییٰ سنوار 22 سال اسرائیلی جیل میں رہے، سنوار نے دشمن شناسی کا درس دیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ نے امریکا و اسرائیل سمیت عالمی قوتوں کی کمر توڑ دی۔ مظلوم بچون، خواتین کا خون رائیگاں نہیں جائیگا،سید حسن نصر اللہ 32 سال حزب اللہ کے سربراہ رہے، ملکی حکمران امریکہ کو اپنا دوست نہ سمجھیں، ہمیں غزہ اور لبنان سے عزت کا راستہ سیکھنا ہوگا، پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے پاک کرنا ہوگا،ملک میں صیہونی حکمرانوں کا قبضہ ہے،ملکی حکمران طاقت کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں،حماس و حزب اللہ ظالموں سے جیتیں گے، خون کے آخری قطرے تک حماس و حزب اللہ کی حمایت کرتے رہیں گے۔
کانفرنس سے خطاب میں حماس ترجمان ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ ملت پاکستان نے اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔ خطہ میں فلسطین، کشمیر، افغانستان کے مسائل ہیں، فلسطین عالم اسلام کا ہے۔ مغربی فلسطین کے بیشتر حصے میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے آزادی فلسطین کیلئے مسلم امہ کی وحدت کی اشد ضروری ہے۔
فلسطین جہاد اسلامی کے ترجمان احسان عطایا نےٹیلی فونک خطاب میں بیت المقدس کے راستے پر چلتے ہوئے شہید ہونے والوں کو سلام پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہید حسن نصر اللہ، اسماعیل ہانیہ،یحییٰ سنوار کی تمام زندگی مزاحمت کیلئے وقف تھی۔ حزب اللّٰہ لبنان کے رہنما سید ابراہیم نے ویڈیو لنک پر خطاب کیا۔ رہنما متحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار نے کہا کہ صیہونی جارحیت سے نمٹنے کیلئے مسلم دنیا کو متحد ہونا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما معراج الہدیٰ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی شکست اور فلسطین کی فتح یقینی ہے۔


































