
لاہور : کراچی کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر بھی اربعینِ شہدائے کربلا میں شرکت سے واپس آنے والے زائرین نے جبری قرنطینہ کیخلاف زبردست احتجاج کیا۔ زائرین کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے لیکن ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے باوجود انہیں زبردستی من پسند ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا زائرین کاکہناتھا کہ وہ نجف ایئرپورٹ پر بھی ٹیسٹ کروا کر آئے ہیں، جبکہ لاہور پہنچنے پر بھی ان کے ٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹ منفی آئی، اس کے باوجود قرنطینہ کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے ایئرپورٹ انتظامیہ اپنے عزیز و اقارب کو نوازنے کیلئے ہمیں ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنے پر مجبور کر رہی ہے، جبکہ ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر قرنطینہ کرنے کا جواز ہی نہیں رہتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ نے اگر قرنطینہ کرنا بھی ہے تو اس کیلئے ایئرپورٹ پر ہی انتظام کرے اور حکومت یہ سہولت مفت فراہم کرے، بھاری کرایوں والے ہوٹل میں زائرین کے خرچ پر قرنطینہ کرنے کا اقدام قابل قبول نہیں۔ ایئرپورٹ پر احتجاجی مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جو ایئرپورٹ انتظامیہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، جبکہ گزشتہ شب بھی نجف اشرف سے لاہور آنیوالی پرواز کے مسافروں کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔


































