
امپھال : ہندوستانی صوبے منی پور میں ایک بار پھر تشدد کی آگ بھڑک اٹھی۔ جھڑپوں میں گیارہ افراد ہلاک ہوگئے۔منی پور کے علاقے کھامین لوک میں رات گئے ککی اور میتئی قبائل میں مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر جاری رہا۔ پولیس صبح علاقے میں پہنچی تو اسے خاتون سمیت نو لاشیں ملیں۔ جبکہ کئی زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں دو زخمی جان کی بازی ہار گئے۔ تشدد میں ہلاک بعض افراد کے جسم پر کٹنے کے نشانات ہیں اور کئی پر گولیوں کے زخم موجود ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ایک ماہ سے جاری نسلی فساد میں 100 افراد ہلاک اور 310 زخمی ہو چکے ہیں۔ ریاست میں امن کی بحالی کے لیے فوج اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریاست میں حال ہی میں چلائی گئی تلاشی مہم کے دوران 1040 ہتھیار برآمد کیے گئے تھے۔


































