
تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکا کا جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا فلسطینیوں اور انسانیت کے خلاف دہرا ظلم ہے۔ تہران میں ایک تقریب سے خطاب میں ابراہیم رئیسی نے کہاکہ غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کیخلاف جاری واقعات تہذیب، آزادی اور انسانی حقوق کی وکالت کے بارے میں مغرب کے دعووں کی نفی کرتے ہیں۔ ایرانی صدر نے غزہ کے واقعات کو دل دہلا دینے والا قرار دیا جس سے دنیا بھر کے لوگوں میں امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے خلاف غصہ اور نفرت پیدا ہوئی۔ ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے حامی غزہ میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ رئیسی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مظلوم فلسطینی شہداء کا خون یقینی طور پر موجودہ عالمی نظام کو متزلزل کرے گا اور دنیا میں ایک عادلانہ نظام قائم کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلم دنیا اور پوری دنیا میں اقوام اس وقت غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف استکباری طاقتوں کے گھناؤنے جرائم کا مشاہدہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی قومیں موجودہ غیر منصفانہ ورلڈ آرڈر سے مشتعل ہیں اور غزہ میں خواتین اور بچوں کے خلاف جاری ظلم کو اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


































