
واشنگٹن : صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے لیے بورڈ آف پیس کی تشکیل جاری ہے۔ جس میں دنیا کے اہم ممالک کے رہنما شامل ہوں گے۔
بورڈآف پیس کا مقصد مجوزہ فلسطینی ٹیکنوکریٹ حکومت کی نگرانی اور غزہ کی تعمیر نو کے عمل کی دیکھ بھال کرنا ہے۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بورڈ آف پیس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔ اس اقدام میں بین الاقوامی دلچسپی بہت زیادہ ہے اور ہر کوئی اس میں شامل ہونا چاہتا ہے۔ سب سے اہم قوموں کے سب سے اہم رہنما بورڈ میں شامل ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق بورڈ میں تقریباً 15 عالمی رہنما شامل ہوں گے، جن میں برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، سعودی عرب، قطر، مصر اور ترکیہ کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے مشرقِ وسطیٰ کے سابق نمائندہ نکولائی ملادینوو بورڈ کے نمائندے کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔ اگرچہ بورڈ کو اس ہفتے پیش کرنے کی خبریں ہیں، مگر صدر نے اس کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا اور ان کی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ کے بعد اعلان کو بار بار مؤخر کیا ہے۔


































