
واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر حصوں میں قائم امریکی سفارت خانوں نے امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ پیچیدہ سکیورٹی صورتحال اور سفری رکاوٹوں کے پیشِ نظر چوکس رہیں۔ خلیجِ فارس کے ممالک، اسرائیل، عراق، لبنان اور اردن میں قائم امریکی سفارت خانوں کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت موجود امریکی شہریوں کو پیچیدہ سکیورٹی صورتحال کے باعث زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ سکیورٹی الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند ہونے اور سفر میں رکاوٹیں پیش آنے کے امکانات سے آگاہ رہیں۔ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ یہ جنگ تیزی سے دیگر علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ امریکی شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق معلومات پر نظر رکھیں اور ہنگامی صورتحال کے لیے متبادل منصوبے تیار رکھیں۔


































