
بیروت : حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہےکہ نئے مشرق وسطی کے قیام کی امریکی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ شام کو جارحیت کا نشانہ بنا کر نئے مشرق وسطی کے قیام کی امریکی کوشش شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔ لبنان کے المنار ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ تحریک مزاحمت نے جارح امریکااور اس کے اتحادیوں کو شکست دے کربڑا کارنامہ رقم کیا ہے۔شام میں دہشت گردوں کا تحفظ، تیل و وسائل لوٹنا اور شامی عوام کے خلاف دباؤ کے امریکی ہتھکنڈے بدستور جاری ہیں جس کا اہم ترین مقصد شام کی حکومت کاتختہ پلٹنا رہا،مگر سارے نتائج برعکس برآمد ہوئے ہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے لبنان کے خلاف جنگ شروع کردی ہے اُنہیں لبنان سے متعلق اپنے اقدامات پر معافی مانگنی چاہیے۔ حزب اللہ کے رہنما نے لبنان سے متعلق سعودی اقدامات کو لبنانی سیاست پر اثر انداز ہونے میں سعودی بادشاہت کی ناکامی کو قرار دیا اور وہ اپنے حامیوں کو بھاری رقومات دینے کے باوجود ناکام رہے۔ سعودی حکام اپنے علاقائی نقصانات کو لبنان میں طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


































