
تہران : ایران نے مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان نہ جانے کا اعلان کردیا۔ ایران نے کہا کہ امریکا کے بیانات اور عملی اقدامات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس کے دوران بحیرہ عمان میں ایرانی جہاز پر حالیہ امریکی حملے کو جارحیت اور بین الاقوامی سمندری معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تجاویز غیرسنجیدہ اور اس کے مطالبات غیر حقیقت پسندانہ ہیں، ایران نے اپنے مطالبات کو واضح طور پر بیان کیا ہے اور انہیں تبدیل نہیں کرے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے آغاز سے ہی امریکا کی بدنیتی اور متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے پاکستانی ثالث کار کو بتا دیا ہے کہ مذاکرات کے لیے اسلام آباد نہیں آرہے۔ قومی مفادات کے تحفظ کی بات آتی ہے تو ہم ڈیڈ لائنز یا الٹی میٹم پر یقین نہیں رکھتے، اگر امریکا اور اسرائیل نئی جارحیت شروع کرنا چاہتے ہیں تو ہماری مسلح افواج اس کا جواب دیں گی۔


































