
ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کا تاریخی معاہدہ کرلیا۔ جس میں توانائی، معدنیات اور دفاع کے شعبوں کے معاہدے شامل ہیں۔ ٹیسلا کمپنی کے سربراہ ایلون مسک اور اوپن اے آئی کمپنی کے سربراہ سام آلٹمین نے بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔ امریکا سعودی عرب کو ایک سو بیالس ارب ڈالر کا اسلحہ اور دفاعی سازو سامان فروخت کرے گا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا میں چھ سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی۔
امریکی صدر نے محمد بن سلمان کو اپنا گہرا دوست قرار دیا اور کہا کہ ہم ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ امریکی صدر نے انویسٹمنٹ فورم میں بھی شرکت کی اور کہا کہ سعودی امریکا پارٹنر شپ مضبوط ہے اور اسے مزید مضبوط بنائیں گے۔ دونوں ممالک کے تعلقات خطے کی سیکورٹی اور استحکام کیلئے نہایت اہم ہیں۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ امریکا سعودی عرب کے سب سے بڑے اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ یہ شراکت داری ہمیشہ سے ہمارے اہم ستونوں میں سے ایک رہی ہے.


































