
جدہ : عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں انتہا پسندانہ، ناقابل قبول اور بین الاقوامی قانون اور روایات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں خبردار کیا کہ اس طرح کے ریمارکس خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ یہ بیانات قابض طاقت اسرائیل کی توسیع اور مزید فلسطینی و عرب اراضی پر قبضے کی کھلی ترغیب ہیں۔ او آئی سی کے مطابق یہ مؤقف ایک جھوٹی تاریخی اور نظریاتی بیانیے پر مبنی ہے جو ریاستی خودمختاری، سفارتی اصولوں، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چارٹر کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ عرب لیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ انتہا پسندانہ بیان اسرائیل کے مشرق وسطیٰ پر کنٹرول کے حق کو مذہبی متون سے جوڑ کر پیش کرتا ہے اور تمام سفارتی اصولوں اور معیارات کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ ایسے بیانات مذہبی اور قوم پرست جذبات بھڑکاتے ہیں۔۔ اسرائیلی توسیع پسندی کی حمایت ناقابل قبول ہے۔


































