
دمشق : متحدہ عرب امارات نے شام سے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں اور شام پر جارحیت مسلط کرنے کے بعد پہلی بار اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید دمشق پہنچے اور شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے فروری 2012 میں شام کے ساتھ تعلقات اس وقت توڑ لیے تھے جب حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرے ایک مکمل تنازع میں تبدیل ہو گئے۔تاہم دسمبر 2018 میں متحدہ عرب امارات نے دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا اور اس کے بعد خلیجی ملک نے شام سے مارچ میں عرب لیگ میں واپسی کا کہا۔ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے بھی اکتوبر میں شامی صدر سے فون پر بات کی تھی۔


































