
لندن : ہند رجب فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہےکہ اس نے فلسطینی بچی ہند رجب کے قتل میں ملوث مزید دو درجن اسرائیلی فوجیوں کی شناخت کر لی ہے۔ فاؤنڈیشن نے تین اعلیٰ فوجی افسران کے نام ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے 120 صفحات پر مشتمل رپورٹ بین الاقوامی فوجداری عدالت آئی سی سی کو جمع کرادی ہے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق تینوں افسران ہند رجب کے قتل کے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ رپورٹ میں ڈیجیٹل، سیٹلائٹ اور فرانزک شواہد شامل ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے جان بوجھ کر اس کار اور ایمبولینس کو نشانہ بنایا جس میں ہند اور اس کا خاندان موجود تھا۔


































