
انقرہ: ترک جنگی طیاروں نے انقرہ دھماکے کے بعد شمالی عراق میں کردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق فضائی کارروائی میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے بیس اہداف کو تباہ کردیا۔ جن میں غار، پناہ گاہیں اور ڈپو شامل ہیں۔ ترک فوج نے عراق کے گارا، ہاکُرک، میتینا اور قندیل میں فضائی حملے تیز کردیے ہیں۔ یہ کارروائی انقرہ میں وزارت داخلہ کی عمارت پر خودکش دھماکے کے چند گھنٹے بعد کی گئی۔
انقرہ پر حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ دوسرا حملہ آور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں استعمال کی گئی گاڑی جانوروں کے ڈاکٹر کی ملکیت تھی جسے حملہ آوروں نے قتل کردیا تھا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد ترکیہ میں امن و سلامتی کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔


































