
کابل : افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام مسترد کردیا۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان کا کوئی وجود نہیں ہے۔ اگر پاکستان کے پاس ثبوت ہیں تو فراہم کرے ہم کارروائی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اندرونی طور پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار ہمیں ٹھہراتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اور پاکستان ایک برادر اور مسلم ملک ہے اور عبوری حکومت نے پڑوسی ملک کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا۔ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان سے متعلق سوال پر ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ ہم نے پاکستان کیساتھ نہیں امریکا کے ساتھ دوحہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔


































