
بیروت: حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبہ اسرائیل کو جنگی جرائم سے بری کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر اسرائیلی مفادات کے حق میں ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے ٹی وی خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی غزہ جنگ بندی منصوبہ دراصل اسرائیل کے لیے سیاسی نجات کا راستہ فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد غزہ میں اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کو بین الاقوامی سطح پر نظرانداز کروانا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت غزہ کی خودمختاری کمزور کر کے اسے ایک بین الاقوامی انتظامیہ کے زیرِ کنٹرول لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو مزاحمتی تحریکوں کے خلاف اسرائیل کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے عرب ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی مزاحمت پر دباؤ ڈالنے کے بجائے اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد موقف اپنائیں۔


































