
ریاض : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب پر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر زور دیا ہے۔ ریاض میں سرمایا کاری فورم سے خطاب میں امریکی صدر نے کہاہے کہ ان کی خواہش اور خواب یہ ہے کہ سعودی عرب جلد ہی ابراہیمی معاہدے میں شامل ہو جائے۔ ایسا ہوا تو یہ مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل کےلیے بہت اہم پیش رفت ہوگی۔ سعودی عرب کا اسرائیل کو تسلیم کرنا میری عزت افزائی ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا میں امن کے لئے ایران کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔ ایران نے امن کی پیش کش کو نظرانداز کیا تو پابندیوں کے ذریعے سخت پالیسیاں جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 142 ارب ڈالر کے اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت امریکا سعودی عرب کو اسلحہ اور دفاعی سازو سامان فروخت کرے گا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکا میں چھ سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔


































