
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کی سزا معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فیصلہ گذشتہ روز محفوظ کیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون قرار دینے اور ضمانت منظور کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ اور سابق وزیراعظم کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تاہم وہ ابھی جیل سے رہا نہیں ہوسکیں گے کیونکہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے انہیں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت تیس اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر دیا تھا۔ عدالت کے جج نے ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد تحریری حکمنامہ سپرنٹنڈینٹ اٹک جیل کو بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ انہیں جیل میں ہی رکھا جائے اور 30 اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے۔


































