
مظفر آباد: آج دنیا بھر میں کشمیری یومِ الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔ 19 جولائی 1947 کو آل جموں و کشمیرکانفرنس کے ہنگامی اجلاس میں قرارداد الحاق پاکستان متفقہ طور منظور کی گئی۔ قرارداد کی منظوری پونچھ بغاوت اور آزاد کشمیر کی آزادی کا باعث بنی، 75 برسوں سے کشمیری بھارتی سامراج کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، جب کہ کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور 5 لاکھ سے زائد کشمیری تحریک آزادی کی راہ میں شہید ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر 10 لاکھ سے زائد فوجی اور پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کے باعث سب سے بڑی فوجی چھاوٴنی اور سب سے بڑی اوپن ایئر جیل کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور عالمی میڈیا متعدد بار کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال پر آواز اٹھا چکے ہیں۔


































