
نئی دہلی : ہندوستان کی سپریم کورٹ نے جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کیلئے بریگزٹ جیسے ریفرنڈم کی تجویز سختی سے مسترد کردی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کے نفاذ سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنا بریگزٹ جیسا سیاسی عمل ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی آئین ساز اسمبلی کی غیر موجودگی میں دفعہ 370 کو ختم کرنے کے پارلیمنٹ کے اختیار پر بار بار سوال اٹھایا۔ عدالت نے کہا کہ اس کے سامنے یہ سوال ہے کہ کیا حکومت کا اقدام آئینی طور پر قانونی ہے یا نہیں۔ ہندوستان ایک آئینی جمہوریت ہے۔ جہاں اس کے عوام کی مرضی کا تعین صرف موجودہ اداروں کےذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کیلئے بریگزٹ جیسے ریفرنڈم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مسٹر سبل کے اس خیال سے اتفاق کیا کہ بریگزٹ ایک سیاسی فیصلہ تھا لیکن کہا کہ ہم جیسے آئین کے اندر ریفرنڈم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔


































