
لندن: ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے درجہ حرارت کی زیادتی کے پیش نظر متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ امریکا۔ یورپ اور ایشیا کے کئی ممالک ان دنوں شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ عالمی موسمیاتی ادارے نے کہا ہے کہ گرمی کی لہر اس ہفتے مزید شدت اختیار کرے گی۔ جس کی وجہ سے دل کے دورے اور دیگر وجوہات کیوجہ سے اموات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا اگرچہ زیادہ تر توجہ دن کے درجہ حرارت پر مرکوز ہوتی ہے تاہم رات کے درجہ حرارت سے صحت سے متعلق بڑے خطرات منسلک ہیں بالخصوص کمزور افراد پر مشتمل آبادی کے لیے۔ یورپی یونین کے ایمرجنسی رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر نےاٹلی، شمال مشرقی اسپین، کروشیا، سربیا، جنوبی بوسنیا اور ہرزیگووینا اور مونٹی نیگرو میں انتہائی درجہ حرارت کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ گذشتہ سال صرف یورپ میں ہیٹ ویو سے 61 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


































