
کیف : یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کی فوج نے روس کے خلاف طویل انتظار کے بعد جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔ یوکرینی صدر کا جوابی کارروائی کا دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی اور مشرقی علاقوں میں لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے فوجی کمانڈر مثبت موڈ میں ہیں اور پیشرفت ہورہی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ جوابی کارروائی کس مرحلے میں ہے۔ اس سے پہلے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ یوکرین کی افواج نے حملہ شروع کیاتھا لیکن بھاری نقصان کے ساتھ پیش قدمی ناکام ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق یوکرینی فوجیوں نے مشرق میں باخموت کے قریب اور جنوب میں زاپوریزہیا کے قریب پیش قدمی کی ہےاور روسی اہداف پرحملے کیے ہیں۔ دوسری جانب روس نے اوڈیسا۔ پولٹاوا اور مشرقی خارکیو میں بھرپور حملے کئے۔ ان حملوں میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ پولٹاوا میں ائربیس کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرین کی فضائیہ نے کہا ہے کہ اوڈیسا میں بھی روس نے 8 میزائل داغے جبکہ پینتیس ڈرون بھیجے۔ فضائی دفاعی یونٹ 20 ڈرونز اور دو کروز میزائلوں کو مار گرانے میں کامیاب رہا۔ ملبہ گرنے سے جانی نقصان ہوا۔


































