
دوحہ : طالبان کے سینئر رہنما اور دوحہ میں سیاسی آفس کے سربراہ سہیل شاہین نے افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی افغانستان میں نہیں بلکہ پاکستان میں موجود ہے۔ عرب نیوز سے انٹرویو میں سہیل شاہین نے کہاکہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ کسی کو بھی افغانستان کی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ ٹی ٹی پی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہے ان کے خلاف کارروائی پاکستانی حکام کی ذمہ داری ہے۔ طالبان رہنما نے کہا کہ ایران کے ساتھ پانی کا مسئلہ بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہماری پالیسی پُرامن طریقے سے رہنے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ مثبت تعلقات رکھنے کی ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اپنے ملک کا دفاع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کا ہمیں تسلیم نہ کرنا زمینی حقائق کے برعکس ایک سیاسی معاملہ ہے۔خواتین کی تعلیم سے متعلق سوال پر سہیل شاہین نے کہاکہ ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو لڑکیوں کو اسلامی روایات کے مطابق اسکول کا ماحول فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔


































