
خوشاب : علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ غزہ کا سانحہ پوری امت اور انسانیت کے ایمان و ضمیر کا امتحان ہے، جس میں عالمی ادارے، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور بیشتر مسلم حکمران ناکام ہو چکے ہیں۔خوشاب کے علاقے جوہرآباد میں تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ ﷺ کے زیر اہتمام سالانہ وحدتِ اُمت کانفرنس سے خطاب میں علامہ جواد نقوی نے کہا کہ دو ارب مسلمانوں کی موجودگی کے باوجود امت نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو قرآن و شریعت کا تقاضا تھا، اور یہی امت کی مجموعی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے غزہ کے بچوں، خواتین اور عوام کی قربانیوں کو ایمان و استقامت کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے تعلیمی و فکری ادارے قرآن سے دور ہیں اور یہی انحراف امت کی کمزوری کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قرآن کو فرد، معاشرے اور ریاست کا حقیقی نصاب بنایا جاتا تو امت آج ذلت و انتشار کا شکار نہ ہوتی۔
علامہ جواد نقوی نے حماس، حزب اللہ، یمن کے مجاہدین اور ایران کی قیادت کو مزاحمت و غیرتِ ایمانی کا عملی نمونہ قرار دیا۔ علامہ جواد نقوی نے اسرائیل و امریکہ نواز پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو حکمران اپنے عوام اور مظلوم فلسطینیوں کا سودا عالمی مفادات کیلئے کرتے ہیں، وہ امت کے امتحان میں بدترین درجے میں فیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ایک باحمیت ملت ہے، جسے صالح قیادت اور قرآنی نصاب کی رہنمائی کی ضرورت ہے اور اگر پاکستانی قوم اور دینی قیادت بیدار ہو کر مظلوموں کے حق میں آواز اٹھائے تو تاریخ کا نتیجہ بدلا جا سکتا ہے۔


































