
نیویارک: اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کنواری خواتین کی ملازمتوں، تعلیم اور سفر پر پابندی کو مزید سخت کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طالبان ایسی خواتین جو غیر شادی شدہ ہیں یا ان کا کوئی مرد سرپرست موجود نہیں ان پر زور دے رہے ہیں کہ ملازمت، تعلیم اور سفر تک رسائی حاصل کرنے کے لیے شادی کرلیں کیوں کہ غیر شادی شدہ خواتین کا اکیلے رہنا نامناسب ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغان صوبے پکتیا میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت نے دسمبر سے کسی محرم کے بغیر خواتین کو علاج معالجے کے لیے اکیلے اسپتال آنے سے بھی روک دیا ہے۔ یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کسی محرم کے بغیر ملازمتوں پر آنے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی تعلیم جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اس لیے غیر شادی شدہ خواتین شادی کرلیں۔


































