
مناما : برطانیہ، جرمنی اور اردن کے وزرائے خارجہ نے سوڈان کی صورتحال کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیاہے۔ تینوں وزراء نے کہا کہ عالمی برادری بحران کو سنجیدگی سے لینے میں ناکام رہی ہے۔
منامہ ڈائیلاگ سیکیورٹی سمٹ میں برطانوی فارن سیکریٹری ایویٹ کوپر نے کہا کہ سوڈان میں یہ ایک انسانی بحران اور تباہ کن جنگ ہے، جس سے نمٹنے میں عالمی برادری ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارفور سے ملنے والی اطلاعات میں اجتماعی قتل، بھوک سے اموات اور جنگی ہتھیار کے طور پر جنسی تشدد کے دل دہلا دینے والے شواہد شامل ہیں۔ جرمن وزیرِ خارجہ جان ویڈ فل نے سوڈان کی صورتحال کو قیامت خیز قرار دیا جبکہ اردنی وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی نے کہا کہ سوڈان کو وہ توجہ نہیں ملی جس کا وہ مستحق ہے اور اس بحران کے پھیلاؤ کو اب روکنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ادھر یورپی کمیشن کے ترجمان انوار الانونی نے برسلز میں بریفنگ کے دوران کہا کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسلسل لڑائی انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ یورپی یونین قیام امن کے لیے عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔


































