
راولپنڈی : شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کے نو منتخب عہدیداروں نے صوبائی صدر سید ساجد حسین کی قیادت میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں ملاقات کی اور ملی تنظیمی معاملات پر ان سے مشاورت کی۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری صفی الحسنین شیرازی، سیکر ٹری اطلاعات شہباز حیدر نقوی، نائب صدر جعفر علی شاہ، مولانا باقر گھلو اور ڈاکٹر سید محمد نجفی بھی موجود تھے۔ حافظ ریاض نجفی نے نئے عہدیداروں کو تنظیمی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور زور دیا کہ مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں سے روابط کو مضبوط بنائیں، کیونکہ ان دینی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے افراد سے شیعہ علماء کونسل کے عہدیدارون کو مسائل سے آگاہی ہوگی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں میں رائج نصاب تعلیم میں مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام کے نقطہ نظر کو شامل نہیں کیا گیا، اس حوالے سے مربوط جدوجہد کی ضرورت ہے۔ علماء کرام، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی انجمنوں اور ماتمی سنگتوں سے رابطے مضبوط بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ کی بجائے، مسلمانوں میں نفرت پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، ضروری ہے کہ بین المسالک روابط کو مضبوط بنا کر اتحاد امت کی تقسیم کے شیطانی ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے۔ وفد نے محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمة اللہ علیہ کی مرقد پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔


































