
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے افغانستان سے براہ راست مذاکرات کے اعلان کو وفاق پر حملہ قرار دے دیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ماحول کو خود خراب کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتادیا کہ وہ خود افغانستان سے مذاکرات کریں گے۔ وہ کس حیثیت میں افغانستان سے مذاکرات کریں گے۔ وزیردفاع نے کہا کہ یہ وفاق کے اوپر براہ راست حملہ ہے۔ کوئی صوبہ کسی ملک سے براہ راست مذاکرات نہیں کر سکتا۔ جس راستے پر وزیر اعلیٰ خود چل رہے ہیں اور ساتھ اپنی پارٹی کو چلانے کی کوشش کررہے ہیں یہ اس ملک کے لیے زہر قاتل ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی سلامتی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے داؤ پر لگادیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا تھاکہ وہ افغانستان سے مذاکرات کے لیے اپنا وفد بھیجیں گے۔ مذاکرات کرکے جو خون بہہ رہا ہے اسے روکیں گے۔


































