
کراچی : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ و دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے یوم مصطفیٰ (ص) کا انعقاد پارکنگ ایریا گراؤنڈ نزد ایڈمنسٹریشن بلاک میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نےکی۔ جس میں اساتذہ سمیت طلبہ وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یوم مصطفیٰ کی تقریب سے مفتی فیصل عزیزی، مولانا محمد حسین رئیسی اور مولانا سید طالب حسین موسوی سمیت آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد عابدی نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں حضرات نے بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔یوم مصطفیٰ (ص) میں اے پی ایم ایس او، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر طلبہ تنظیموں کے رہنما بھی شریک تھے۔ یوم مصطفی (ص) کے اختتام پر اسٹوڈنٹس آیڈوائزر جامعہ کراچی ڈاکٹر عاصم نے اختتامی کلمات کے ذریعہ تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا ۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ رسول اللہ (ص) کی ذات تمام مسلمانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے، رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر انسان اپنی اصل منزلت تک رسائی ممکن بنا سکتا ہے، طلبہ و طالبات رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر غور و فکر کریں اور اپنی تحقیقی صلاحیتوں میں بہتری لائے۔ دوسرے مقررین نے کہاکہ یوم مصطفیٰ (ص) کے انعقاد سے بات واضع ہوتی ہے کے نوجوان نسل اسلام اور عشق رسول (ص) سے لبریز ہے، ایک طرف دنیا بھر میں مسلمانوں پر اقتصادی اور ثقافتی یلغار ہے اور نوجوان نسل کو دین و اسلام سے دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، امریکا و اسرائیل اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ نوجوان اسلام سے دور ہوجائیں مگر دشمن اس بات سے لاعلم ہے کہ ہمارے نوجوان، اسلام سے مربوط ہیں اور اسلام کی سربلندی کے لئے کوشاں ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ عشق رسول (ص) مسلمانوں میں وحدت اور اخوت کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہے، تعلیمی اداروں میں نبی (ص) کے عاشقوں کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں فرقہ واریت ہے وہ احمق ہیں۔


































