
واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ زیر سمندر نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو یوکرینی فوج نے تباہ کیا۔ امریکا کو تین ماہ پہلے ہی معلوم ہوگیا تھا۔ امریکی اخبار کے مطابق ایک یورپی ملک کی جاسوس ایجنسی نے سی آئی اے کو پچھلے برس جون میں مطلع کیا تھا کہ یوکرین کی اسپیشل آپریشنز فورسز روس سے جرمنی جانے والی نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ یہ چھ رکنی ٹیم یوکرین کے کمانڈر انچیف جنرل ویلیری زلوزنی کو براہ راست جوابدہ تھی تاکہ صدر ولادیمیر زیلنسکی کو آپریشن کے بارے میں علم نہ ہو۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ خفیہ دستاویزات کے ایک بڑے لیک پر مبنی تھی جسے امریکی فوج کے ایک رکن جیک ٹیکسیرا نے چیٹ پلیٹ فارم ڈسکارڈ پر شیئر کیا تھا۔ یہ معلومات پہلے یورپی انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے آئی تھیں، بعد میں اسے امریکا اور پھر جرمنی کے ساتھ شیئر کیا گیا۔


































