
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اِن کیمرا اجلاس 8 نومبر کو طلب کر لیا ہے جس میں موجودہ قومی سلامتی کے امور پر فوجی حکام بریفنگ دیں گے۔ اجلاس صبح 11 بجے قومی اسمبلی کے مرکزی ہال میں ہوگا جس کے لیے اراکین اسمبلی، سینیٹرز، اراکین وفاقی کابینہ، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سمیت 80 سے زائد افراد کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے میں کہا گیا کہ اراکین، اجلاس کے دوران اسپیکر کی اجازت سے کسی بھی معاملے کو اٹھا سکتے ہیں۔ اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اجلاس میں شرکت کا اشارہ دیا جبکہ مرکزی اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔پی سی این ایس کا یہ تیسرا اجلاس ہوگا، اس سے قبل آخری اجلاس ستمبر میں افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے ہوا تھا۔


































