
پاراچنار : خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ ضلع کرم میں 73 ویں دن بھی سڑک بند ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کُرم کو آفت زدہ قرار دینے اور ریلیف ایمرجنسی کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ نے وفاق سے ایف سی تعینات کرنے کی درخواست بھی کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ دوبارہ ہوگا۔ سڑک کھولنے سے متعلق بھی جلد خوشخبری ملے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ کرم کا مسئلہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ دو گروپوں کے درمیان تنازع ہے۔ کرم کے لوگ امن چاہتے ہیں۔ کچھ عناصر فرقہ وارانہ منافرت پھیلا کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ عناصر کرم مسئلے کو دوسرا رنگ دینے کیلئے غلط بیانیہ بنا رہے ہیں۔


































