
برسلز: عرب ممالک نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی مغربی کنارے کا علاقہ ضم کرنے کے دو بلوں کی ابتدائی منظوری کو بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اردن، قطر اور سعودی عرب نے اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان فواد المجالی نے کہا کہ یہ اقدام دو ریاستی حل کے لیے دھچکا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے اسرائیلی بل کو فلسطینی عوام کے تاریخی حقوق پر صریح حملہ اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی تمام آباد کاری اور توسیع پسندانہ خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے بھی زور دیا کہ غزہ اور مغربی کنارے سمیت یروشلم فلسطینی علاقے ہیں اوراسرائیل کی وہاں کوئی حاکمیت نہیں۔
حماس نے بھی بلوں کو باطل اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔ امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق سے خبردار کیا ہے اور کہا کہ پارلیمنٹ کے اقدامات غزہ امن معاہدے کے لیے خطرہ ہیں۔ صدر واضح کر چکے ہیں کہ اس وقت الحاق کی حمایت ممکن نہیں۔


































