
واشنگٹن: امریکی حکومت کی ایک خفیہ رپورٹ نے انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے ممکنہ طور پر غزہ میں انسانی حقوق کی سینکڑوں خلاف ورزیاں کی ہیں۔ یہ رپورٹ جنگ بندی معاہدے سے صرف چند روز قبل مکمل کی گئی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دو امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ رپورٹ کے نتائج کی جانچ کیلئے محکمہ داخلہ کوکئی سال لگ سکتے ہیں۔ یہ رپورٹ امریکی محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل کے دفتر نے تیار کی اور یہ پہلی بار ہے کہ کسی سرکاری امریکی رپورٹ نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے پیمانے کو تسلیم کیا ہے۔ اخبار کے مطابق رپورٹ کے نتائج نے اسرائیل کے خلاف احتساب کے امکانات پر شکوک پیدا کر دیے ہیں کیونکہ تحقیقات کا عمل اسرائیلی فوج کے مؤقف پر انحصار کرتا ہے۔ رپورٹ میں ان واقعات کو بھی شامل کیا گیا ہے جو لیہی قانون کے تحت آتے ہیں۔ یہ امریکی قانون انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث غیر ملکی فوجی یونٹوں کو امریکی امداد دینے سے روکتا ہے۔


































