
ویانا : بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ تحفظ مسائل کے حوالے سے ایران کے ساتھ مشترکہ بیان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور اس میدان میں کچھ پیشرفت بھی ہوئی ہے۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایرانی ایٹمی پروگرام کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہاکہ مئی کے شروع میں ایران کے ان جوہری پلانٹس میں نگرانی کے کیمرے نصب کئے جہاں سینٹری فیوجز کا سامان تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورینیم کی افزودگی کی سطح پر نظر رکھنے کیلئے پہلی بار فردو پلانٹ کے ساتھ ساتھ پائلٹ پلانٹ میں افزودگی کی نگرانی کرنے والا آلہ نصب کیا ہے۔ گروسی نے کہا کہ یہ اقدامات ہمیں ان پلانٹس میں افزودگی کی سطح میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کی تیزی سے نشاندہی کرنے میں مدد کریں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اتنی پیشرفت نہیں ہوئی جتنی ہمیں توقع تھی۔ گروسی نے اعلان کیا کہ اب جس چیز کی ضرورت ہے وہ ایک پائیدار اور بلاتعطل عمل ہے جس کے نتیجے میں مشترکہ اعلامیہ میں شامل تمام وعدوں کو مزید تاخیر کے بغیر پورا کیا جائے گا۔


































