
اسلام آباد: غزہ پر ہسپتال پر حملے کی پاکستان، سعودی عرب، ایران، مصر، کینیڈا، ترکیہ، قطر سمیت کئی ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہےکہ نہتے عوام اور ،سپتالوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے انتہائی سنگین جرم اور گھناؤنا فعل کیا ہے۔ مصر نے کہا کہ عالمی برادری کو ایسی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرنی چاہیے۔ ترک صدر رجب طیب اُردوان نےکہا کہ ،سپتال پرحملہ اسرائیل کے حملوں کی تازہ ترین مثال ہے۔ جو بنیادی انسانی اقدار سے مبرا ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ،سپتالوں، اسکولوں اور آبادی کے دیگر مراکز کو شامل کرنا ایک خطرناک اضافہ ہے۔ ایران نے اسے گھناؤنا عمل قرار دے دیا۔ اردن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اسپتال پر اسرائیلی حملہ خوفناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول اور ناقابل معافی ہے۔ روس اور متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کردی ہے۔


































