
اسلام آباد: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم القدس 1446ھ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست جس کا وجود ناجائز ہے عالمی سامراج مسلسل اس ناجائز ریاست کی پشت پناہی کئے ہوئے ہے، صیہونیت نے انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کردیں، اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کی بھی ماننے کو تیار نہیں، ادھر سامراجی قوتوں کی پشت پناہی میں یہ شیطانی اور مکروہ کھیل مسلسل جاری ہے چنانچہ اسرائیل کے حوالے سے عالمی دوہرا معیار عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ بنتا جارہا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگرچہ اسلامی سربراہی کانفرنس تنظیم اور مسلم دنیا سے وابستہ توقعات بھی اب تک سراب ہی ثابت ہوئیں تاہم فلسطینی اور لبنانی عوام کی اسلامی مزاحمتی تحریکیں اس وقت اپنی جدوجہد کو جس موڑ پر پہنچا چکی ہیں اس مرحلے پر کہا جاسکتا ہے کہ اب ماضی کی نسبت عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین نئے انداز اور نئی جہتوں سے ابھر کر سامنے آیا ہے اور دنیا اب نئے زاویے سے مسئلہ فلسطین کی طرف متوجہ ہوچکی ہے۔


































