
رام اللہ : فلسطینی اسلامی جہاد کے نائب سیکریٹری جنرل محمد الہندی نے کہا ہے کہ غزہ میں استحکام فورس کی تعیناتی امریکی صدر ٹرمپ کی خواہش پر نہیں صرف سلامتی کونسل کی منظوری سے ہونی چاہیے۔
محمد الہندی نے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ ان کی تحریک صرف اسی امن فورس کی حمایت کرے گی جسے سلامتی کونسل سے باقاعدہ مینڈیٹ حاصل ہو اور جس کے فرائض محدود، واضح اور وقت مقررہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس کا کردار اقوام متحدہ کی لبنان میں موجود امن مشن یونیفیل کی طرح ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو تجاویز سامنے آرہی ہیں، وہ دراصل بین الاقوامی قوانین کو بائی پاس کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ وہ کسی ٹونی بلیئر جیسے شخص کو غزہ کے معاملات پر نگرانی کا اختیار دینے کو ایک نئی بالفور ڈیکلریشن کے برابر سمجھتے ہیں۔


































