
کراچی : 2 جنوری کو شیئر کی گئی ویڈیو میں بعض صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے حامیوں کی جانب سے کراچی میں ایک دھرنے کے دوران ملک مخالف نعرے لگائے۔
آئی ویریفائی پاکستان ٹیم نے اس ویڈیو کی تحقیقات کی اور اس بات کا تعین کیا ہے کہ یہ غلط ہے۔
ایکس پر مسلم لیگ (ن) کے حامی اکاؤنٹ نے دھرنے کی ویڈیو شیئر کی جس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کی جانب سے مردہ باد کے نعرے لگائے جارہے تھے۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ کچھ عرصہ قبل، ایک بڑی سیاسی جماعت اور اس کے سربراہ کے پاکستان مردہ باد کہنے پر پابندی لگائی گئی تھی، اب یہ لوگ نمائش پہ کھلے عام پاکستان مردہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں، دیکھتے ہیں آنے والے وقت میں ان پر کیا پابندی عائد ہوتی ہے یا نہیں۔
ویڈیو کے وائرل ہونے اور اس کے نتیجے میں سیاسی اور فرقہ ورانہ کشیدگی پھیلنے کے خدشے کے نظر فیکٹ چیک کیا گیا۔
ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد وائرل ہونے والے دعوؤں کے برعکس ایم ڈبلیو ایم رہنما کی جانب سے مردہ باد مردہ باد کے نعروں کے جواب میں شرکا نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے۔
35 سیکنڈز کی ویڈیو میں دھرنے کی قیادت کرنے والے رہنما اور شرکا کو یہ بھی کہتے سنا گیا کہ ’ امریکا کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے ’ تاہم پاکستان مخالف نعرے یا تقریر نہیں کی گئی۔
اس لیے یہ دعویٰ غلط ہے کہ اس ویڈیو میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما اور کارکنان نے نمائش چورنگی پر دھرنے کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگائے۔
وائرل ہونے والی اصلی ویڈیو میں امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے گئے اور پاکستان مخالف بات نہیں کی گئی، مذکورہ الزامات واضح طور پر ایم ڈبلیو ایم کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش تھی۔
واضح رہے کہ پاراچنار میں مرکزی شاہراہ کی بندش سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی میں 24 دسمبر سے شارع فیصل اور شارع پاکستان سمیت مختلف مقامات پر کئی روز سے دھرنے دیے جارہے تھے۔


































