
مناما : بحرین حکومت نے زائرین کے ایران جانے پر پابندی لگادی۔ یہ اطلاع بحرین کی انسانی حقوق کی تنظیم منتدی البحرین حقوق الانسان نے اپنے ٹوئٹر پیج سے دی ہے۔ تنظیم نے ٹوئٹ کیا کہ بہت سے بحرینی عوام جو ایران میں مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے جانا چاہتے تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے اُنہیں مناما ایئرپورٹ سے واپس کردیا ۔جو زائرین دبئی سے تہران یا مشہد کی پرواز میں سوار ہوناچاہتے تھے ایئرپورٹ حکام نے بحرین حکومت کی درخواست پر انہیں بھی پروازوں میں سوار نہیں ہونے دیا۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے اس قسم کے اقدامات کو مذہبی آزادی اور اسی طرح ایک شہری کے قانونی حق کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کے شہریوں کو کسی بھی ملک من جملہ ایران جانے اور مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے ہر قسم کا قانونی حق حاصل ہے۔


































