
دمشق : شام کے صوبے ادلب میں دہشت گردوں نے11 شامی فوجیوں کو بارودی سرنگوں کے حملے میں جانبحق کردیا ہے۔ دہشت گردوں نے فوجی ٹھکانوں کے نیچے کھودی گئی سرنگوں میں رکھے بارود کو دھماکے سے اڑایا ہے جس سے 20 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ یہ حملہ انصار التوحید گروپ اور ترکستان اسلامی جماعت (ٹی آئی پی) کے شدت پسندوں پر مشتمل گروپ نے کیا ہے ۔ادھر فوج کی اپوزیشن کے زیر قبضہ علاقے میں بمباری سے 7 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔


































