
تل ابیب: غزہ میں امداد روکنے اور مغربی کنارے میں سفارتی مشن پر فائرنگ کے بعد یورپی ممالک اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یروشلم میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صیہونی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی بند کریں۔ انہوں نے متعدد یورپی ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کے رہنماؤں پر اسرائیل کے خلاف نفرت پر اکسانے کا الزام عائد کیا تاہم کسی ملک یا شخصیت کا نام نہیں لیا۔ ساعر کے مطابق واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے اہلکاروں کا قتل اسرائیل مخالف ماحول کا نتیجہ ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاھو نے بھی واقعے کو اسرائیل کے خلاف پرتشدد اشتعال انگیزی کا ثبوت قرار دیا۔
ادھر فرانس کی وزارت خارجہ کے ترجمان کرسٹوف لیموئن نے اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر کے یورپی حکام پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں شرمناک اور بلا جواز قرار دیا ہے۔


































