
تل ابیب: اسرائیل میں متنازع عدالتی اصلاحات کے خلاف مسلسل 14 ویں ہفتے بھی ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ صیہونی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کے عدالتی اصلاحات کا منصوبہ موخر کرنے کے باوجود احتجاج کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ہفتے کو ایک بار پھر دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف شہروں کی سڑکیں مظاہرین سے بھر گئیں۔ سب سے بڑا مظاہرہ تل ابیب میں کیا گیا جس کے شرکاء نے عدالتی اصلاحات کے نام نہاد منصوبے کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جس پر آزادی سب کے لیے اور دوسرے نعرے تحریر تھے۔ کفار سبا اور حیفہ کے شہروں، مقبوضہ علاقوں کے وسطی اور شمالی حصوں کے ساتھ ساتھ القدس کے مقدس شہر میں بھی چھوٹے بڑے مظاہرے ہوئے۔ جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسرائیل میں گذشتہ ماہ سے صیہونی وزیراعظم کے عدالتی اصلاحات کے منصوبے کے خلاف ہڑتالوں اور بڑے پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔


































